حیدرآباد میں میسی کی آمد، اپّل اسٹیڈیم پر سخت سیکیورٹی
عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی حیدرآباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ خصوصی طیارے کے ذریعے شمس آباد ہوائی اڈے پر اترے، جہاں سے وہ سڑک کے راستے فلک نما پیلس روانہ ہوئے۔ میسی کی آمد کے پیش نظر فلک نما پیلس کے اطراف سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
میسی کے دورۂ حیدرآباد کے موقع پر میٹ اینڈ گریٹ پروگرام بھی رکھا گیا ہے، جس میں صرف سو خوش نصیب افراد کو میسی سے ملاقات کا موقع دیا گیا ہے۔ ان افراد کو خصوصی کیو آر کوڈ فراہم کیے گئے ہیں تاکہ سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
ادھر کولکاتا میں پیش آئے واقعات کے بعد حیدرآباد پولیس مزید چوکس ہو گئی ہے۔ کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں شائقین کے ہنگامے کے بعد اپّل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ اپّل اسٹیڈیم اور اطراف میں تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شیڈول کے مطابق رات سات بج کر پچاس منٹ پر میچ شروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی رات آٹھ بج کر پانچ منٹ پر اسٹیڈیم پہنچیں گے، جبکہ لیونل میسی رات آٹھ بج کر چھ منٹ پر میدان میں داخل ہوں گے۔ بعد ازاں روڈریگو اور لوئیس سواریز بھی میدان میں نظر آئیں گے۔



