مودی سے اینتھروپِک کے سی ای او کی ملاقات اے آئی سے ترقی کا نیا دور

وزیرِاعظم نریندر مودی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف امریکی کمپنی اینتھروپِک (Anthropic) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاریو امودی سے ملاقات کی، جس میں کمپنی کے بھارت میں توسیعی منصوبوں اور بنگلور میں دفتر کھولنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈاریو امودی نے ملاقات کے بعد ایک پوسٹ میں کہا کہ
میں نے وزیرِاعظم مودی سے بھارت میں اینتھروپِک کے پھیلاؤ پر گفتگو کی۔ تعلیم، صحت اور زراعت جیسے اہم شعبوں میں ایک ارب سے زائد لوگوں کے لیے اے آئی کے استعمال سے مستقبل کی سمت طے ہوگی۔
وزیرِاعظم مودی نے امودی کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ
بھارت کا جدید ٹیکنالوجی ماحولیاتی نظام اور باصلاحیت نوجوان انسانی مرکزیت پر مبنی اے آئی اختراعات کو فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ "اے آئی کے ذریعے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے” کے لیے اینتھروپِک کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
کمپنی کے چیف کمرشل آفیسر پال اسمتھ کے مطابق، اینتھروپِک کی توسیع ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب بھارتی کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس تیزی سے اے آئی ماڈلز اپنا رہی ہیں۔
اینتھروپِک کا نمایاں پروڈکٹ کلاؤڈ (Claude) دنیا بھر میں لاکھوں صارفین رکھتا ہے، اور بھارت اس کے استعمال میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ کمپنی کے مطابق، بھارت میں کلاؤڈ کا زیادہ استعمال ٹیکنیکل اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے کاموں میں ہوتا ہے۔