علاقائی خبریںقومی

لکھنؤ نیلی ٹنکی میں چھپی ہولناک سچائی، بیٹے نے جائیداد کے لیے باپ کو مار ڈالا

لکھنؤ: اتر پردیش کے دارالحکومت میں پچاس سالہ کاروباری شخص کے قتل کے پیچھے چھپی لرزہ خیز وجوہات سامنے آ گئی ہیں۔ اکیس سالہ بیٹے نے نہ صرف اپنے باپ کو موت کے گھاٹ اتارا بلکہ لاش کے ٹکڑے کر کے انہیں ایک نیلی ٹنکی میں چھپا دیا۔ ابتدائی طور پر ملزم نے اسے پڑھائی کے دباؤ کا نتیجہ قرار دیا تھا، لیکن تفتیش سے معلوم ہوا کہ اصل وجہ خاندانی جائیداد اور باپ کے وسیع کاروبار پر قبضہ کرنے کی ہوس تھی۔

مقتول مانویندر سنگھ لکھنؤ میں تشخیصی مراکز اور شراب کے ٹھیکوں کے مالک تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا اکشیت پڑھ لکھ کر ڈاکٹر بنے، لیکن بیٹا محنت کے بجائے باپ کے بنے بنائے کاروبار کو فوری سنبھالنا چاہتا تھا۔ اس اختلاف نے گھر میں روزانہ کے جھگڑوں کی شکل اختیار کر لی تھی۔ کچھ ماہ قبل گھر سے زیورات کی چوری میں بھی بیٹے کا نام سامنے آیا تھا، جس کے بعد باپ کا اس پر سے بھروسہ اٹھ گیا تھا۔

20 فروری کی رات اسی تکرار نے خونی رخ اختیار کر لیا۔ اکشیت نے اپنے والد کے سر میں گولی ماری اور پھر آری سے لاش کے ٹکڑے کر دیے۔ اس نے اپنی چھوٹی بہن کو بھی چار دن تک ڈرا دھمکا کر خاموش رکھا۔ پولیس نے گھر سے خون کے نشانات اور لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے استعمال ہونے والا تیزاب برآمد کر لیا ہے۔ ملزم نے لاش کے کچھ حصے ندی میں پھینک دیے تھے جبکہ دھڑ کو گھر میں چھپایا ہوا تھا۔ پولیس فی الحال مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ قتل کے دیگر پہلوؤں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button