شاستری پورم میں حائیڈرا کی بڑی کارروائی، جھیل بفر زون میں غیر قانونی تعمیرات
حیدرآباد کے شاستری پورم میں آج حائیڈرا کی بڑی کارروائی دیکھنے میں آئی، جہاں بم رکن الدولہ لیک کے ایف ٹی ایل اور بفر زون میں کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا گیا۔ حائیڈرا کی ٹیم نے صبح سے ہی موقع پر پہنچ کر کئی غیر مجاز ڈھانچوں کو گرا دیا، جس کے باعث علاقے میں خاصی ہلچل دیکھی گئی۔
کارروائی کے دوران تجاوزات کرنے والوں نے حائیڈرا عہدیداروں سے سخت بحث و تکرار کی، تاہم صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، جس کی وجہ سے آپریشن بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
حکام کے مطابق بم رکن الدولہ لیک کے اطراف اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ انہدامی کارروائیاں کی جا چکی ہیں، لیکن اس علاقے میں بار بار تجاوزات کی کوشش کی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے حائیڈرا اور ریونیو محکمہ کو مسلسل نگرانی رکھنی پڑتی ہے۔
حائیڈرا حکام نے واضح کیا کہ شہر کے آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے بفر زون میں غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ ان کے مطابق جھیلوں اور پانی کے قدرتی راستوں کو بچانا نہایت ضروری ہے، تاکہ شہر میں مستقبل میں سیلابی مسائل پیدا نہ ہوں۔



