مالدیپ میں نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہندوستانی تعاون سے تعمیر
مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے ہنیما دو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیا جو ہندوستان کی مالی معاونت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ صدر معیزو نے افتتاح کے موقع پر اسے شمالی مالدیپ کے لئے خوشحالی کا دروازہ قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان 60 سالہ سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا ہوائی اڈہ سیاحت، زراعت، ماہی گیری اور معیشت کے شعبوں میں نئی روح پھونکنے کے ساتھ ساتھ سماجی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر ہندوستان کے وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو اور دونوں ممالک کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
ہندوستانی ہائی کمیشن نے اس منصوبے کو ترقی و خوشحالی کی علامت اور و ویژن کے تحت ہندوستان کے عزم کی مثال قرار دیا۔
ہنیما دو ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے 800 ملین امریکی ڈالر کی مالی معاونت ایکسِم بینک آف انڈیا نے فراہم کی تھی، جبکہ تعمیراتی کام بھارتی کمپنی جے ایم سی پروجیکٹس کے سپرد کیا گیا۔
یہ منصوبہ شمالی مالدیپ کے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔



