ایل پی جی ٹرک سے ٹینکر ٹکرا گیا، جے پور۔اجمیر ہائی وے پر خوفناک حادثہ

جے پور۔اجمیر ہائی وے پر منگل کی رات ایک کیمیائی ٹینکر اور ایل پی جی سلنڈر سے بھرا ٹرک آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں شدید آگ اور زوردار دھماکوں کی آوازوں سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ اس حادثے میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق ہوگیا جبکہ کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاک ہوگئیں۔
حادثہ موکھم پورہ کے قریب پیش آیا، جہاں ٹینکر کے ٹکرانے سے ٹرک میں رکھے 330 سلنڈر ایک کے بعد ایک پھٹنے لگے۔ 100 سے زائد دھماکے اتنے شدید تھے کہ آوازیں 10 کلومیٹر دور تک سنائی دیں۔ سلنڈر قریبی کھیتوں میں 500 میٹر دور تک جا گرے۔
آگ پر قابو پانے کے لیے 12 فائر بریگیڈ گاڑیاں تقریباً تین گھنٹے تک مصروف رہیں۔ حادثے کے بعد ہائی وے کے دونوں رخ بند کر دیے گئے، جس سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ راستہ صبح ساڑھے چار بجے دوبارہ کھولا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر ڈرائیور نے آر ٹی او گاڑی دیکھ کر کنٹرول کھو دیا اور ایک دھابے کے قریب کھڑے گیس ٹرک سے ٹکرا گیا، جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔