میکسیکو فوج کا بڑا آپریشن، جالسکو کارٹیل کا سربراہ ہلاک
میکسیکو کی فوج نے ایک بڑے آپریشن کے دوران جالسکو نیو جنریشن کارٹیل کے سربراہ نیمیسو روبن اوسیگیرا سروینتس المعروف ایل مینچو کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ریاست جالسکو کے علاقے تاپالپا میں کی گئی جہاں ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق اوسیگیرا زخمی حالت میں دارالحکومت منتقل کیے جا رہے تھے کہ راستے میں ہلاک ہو گئے۔ اس کارروائی کے دوران چار افراد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ اسلحہ، بکتر بند گاڑیاں اور راکٹ لانچر بھی ضبط کیے گئے۔
یہ کارٹیل امریکہ کو بڑی مقدار میں فینٹانائل اور دیگر منشیات فراہم کرنے کے لیے بدنام تھا۔ امریکی حکومت نے اوسیگیرا کی گرفتاری پر پندرہ ملین ڈالر انعام مقرر کیا تھا۔ مبصرین کے مطابق اس ہلاکت سے وقتی طور پر کارٹیل کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، تاہم ملک میں تشدد کے مزید واقعات کا خدشہ بھی موجود ہے۔
حکام نے عوام سے پرسکون رہنے اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔



