شملہ کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر اور مریض کے درمیان جھگڑا
ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں واقع اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ڈاکٹر پر مریض سے مبینہ مارپیٹ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
متاثرہ مریض ارجن پنوار کے مطابق وہ طبی جانچ کے لیے اسپتال آیا تھا۔ برونکو اسکوپی کے بعد اسے سانس لینے میں دشواری ہوئی، جس پر وہ دوسرے وارڈ میں بستر پر لیٹ گیا۔ اسی دوران ایک ڈاکٹر نے اس سے بدتمیزی شروع کر دی۔ مریض کے احتجاج کرنے پر بات بڑھ گئی اور مبینہ طور پر ڈاکٹر نے تشدد شروع کر دیا۔
وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مریض بستر پر لیٹا ہوا خود کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ ڈاکٹر اس پر بار بار ہاتھ اٹھا رہا ہے۔ واقعے کے بعد اسپتال میں عوامی احتجاج دیکھنے میں آیا اور لوگوں نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس معاملے پر آئی جی ایم سی انتظامیہ نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راہل راؤ کے مطابق، واقعے کی جانچ جاری ہے اور ملزم ڈاکٹر کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔ انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ رپورٹ جلد پیش کی جائے گی۔



