موسی دریا منصوبہ بے گھر نہیں کریں گے، وزیر اعلیٰ کا بڑا وعدہ
ریونتھ ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ موسی دریا کے کنارے رہنے والے کسی بھی خاندان کو بے گھر نہیں کیا جائے گا اور منصوبے سے متاثر ہونے والوں کو مکمل باز آبادکاری فراہم کی جائے گی۔
قانون ساز کونسل میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے موسی دریا کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت نہ صرف صفائی اور خوبصورتی پر توجہ دی جائے گی بلکہ متاثرہ افراد کی بحالی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ اس منصوبے کے خلاف غلط پروپیگنڈا نہ کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں اہم وزراء شامل ہوں گے تاکہ کام کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے بیگم پیٹ ہوائی اڈے کے نیچے ایک انڈر پاس سڑک تعمیر کی جائے گی جو ملک کی منفرد مثال ہوگی۔ اس کے علاوہ فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹانے، پارکنگ کے مسائل حل کرنے اور سڑکوں کی بہتری کے اقدامات بھی جاری ہیں۔


