نیرج چوپڑا کو بھارتی فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے سے نوازا گیا
بھارت کے نامور ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ نیراج چوپڑا کو بھارتی فوج میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کا رُتبہ دیا گیا۔ یہ تقریب نئی دہلی کے ساوتھ بلاک میں منعقد ہوئی، جہاں وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے انہیں ٹیریٹوریل آرمی میں اعزازی طور پر شامل کیا۔
راجناتھ سنگھ نے نیراج چوپڑا کو حوصلے، حب الوطنی اور برتری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نظم و ضبط، لگن اور قومی فخر کی اعلیٰ مثال ہیں اور نوجوان نسل کے لیے ایک مضبوط تحریک ہیں۔
نیراج چوپڑا، جن کا تعلق ہریانہ کے ضلع پانی پت کے گاؤں کندرا سے ہے، نے 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں بھارت کے لیے ایتھلیٹکس میں پہلا گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔ اس کے بعد انہوں نے 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ اور 2024 پیرس اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کیا۔ ان کا ذاتی بہترین تھرو 90.23 میٹر (2025) بھارت کی کھیلوں کی تاریخ میں سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
انہیں اپنی شاندار کارکردگی پر پدم شری، ارجن ایوارڈ، کیول رتنا ایوارڈ اور پرم ویششٹ سیوا میڈل سمیت کئی اعزازات مل چکے ہیں۔
نیراج چوپڑا 2016 میں بھارتی فوج کی راجپوتانہ رائفلز میں شامل ہوئے تھے۔ انہیں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے اعزازی کمیشن 16 اپریل 2025 کو دیا گیا۔



