ایران سے پہلی پروازیں دہلی پہنچیں، انٹرنیٹ بند، حالات بدستور کشیدہ
ایران میں شدید مظاہروں اور سیاسی کشیدگی کے بعد بھارتی شہریوں کو لے کر آنے والی پہلی دو تجارتی پروازیں گزشتہ رات دہلی ایئرپورٹ پر بحفاظت پہنچ گئیں۔ یہ پروازیں کسی باقاعدہ انخلا مہم کا حصہ نہیں تھیں، تاہم حالات کے پیشِ نظر کئی بھارتی شہریوں نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔
ایران واپس آنے والے شہریوں نے بھارتی حکومت اور تہران میں بھارتی سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بحران کے دوران مسلسل رابطہ رکھا اور احتیاطی ہدایات جاری کیں۔ حکومتِ ہند پہلے ہی اپنے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دے چکی تھی۔
واپس آنے والے ایک میڈیکل طالبہ نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے مظاہروں کے بارے میں سنا تھا، مگر انہیں براہِ راست کسی ہنگامے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، البتہ انٹرنیٹ مکمل طور پر بند تھا۔ ایک اور شہری نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے حالات بگڑ گئے تھے، مظاہرین سڑکوں پر آ جاتے تھے اور رابطے کا کوئی ذریعہ موجود نہیں تھا۔
ایک انجینئر نے بتایا کہ قیام کے دوران سب سے بڑا مسئلہ نیٹ ورک کی بندش رہا، تاہم اب حالات نسبتاً بہتر ہیں۔ بعض شہریوں کے مطابق مظاہرے خطرناک تھے، آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے، مگر حکومت کے حامیوں کی تعداد زیادہ دکھائی دی۔
دسمبر کے آخر میں ایران میں علی خامنہ ای حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہوئے، جن میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئیں۔ امریکہ اور ایران کے درمیان سخت بیانات نے بھی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا تھا۔



