نوئیڈا ٹیکي کی موت بلڈر گرفتار، شریک مالک کی تلاش جاری
نوئیڈا کے سیکٹر 150 میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 27 سالہ سافٹ ویئر انجینئر یوراج مہتا کی موت کے معاملے میں پولیس نے ایک بلڈر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ کمپنی کے دوسرے شریک مالک کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق وز ٹاؤن پلانرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک ابھے کمار کو حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ منیش کمار تاحال مفرور ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اس واقعے پر انتظامی غفلت کے الزامات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ ایک دن قبل ہی نوئیڈا اتھارٹی کے سی ای او ایم لوکیش کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے معاملے کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ذریعے جانچ کے احکامات دیے تھے۔
تین رکنی ایس آئی ٹی کی قیادت میرٹھ زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں میرٹھ ڈویژنل کمشنر اور محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر بھی شامل ہیں۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانچ دنوں میں اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے۔
یہ حادثہ ہفتے کی علی الصبح پیش آیا، جب گھنی دھند کے دوران یوراج مہتا اپنی گاڑی سے گھر لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران ان کی کار زیر تعمیر عمارت کے 70 فٹ گہرے پانی سے بھرے گڑھے میں جا گری۔ یوراج نے مدد کے لیے اپنے والد کو فون بھی کیا، تاہم ریسکیو میں تاخیر کے الزامات سامنے آئے ہیں۔



