دیوالی کے دن حیدرآباد میں شور اور فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ
دیوالی کے موقع پر حیدرآباد میں شور اور فضائی آلودگی کی سطح میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ تلنگانہ پولوشن کنٹرول بورڈ کی رپورٹ کے مطابق پی ایم 2.5 میں 86 فیصد اور پی ایم 10 میں 68 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اگرچہ گیسی آلودگی کی سطح مقررہ حدود میں رہی، تاہم شور کی سطح میں صنعتی، تجارتی اور رہائشی علاقوں میں واضح اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 13 اکتوبر سے 20 اکتوبر تک خصوصی نگرانی کی گئی۔ دیوالی کے دن فضا میں ذرات کی مقدار عام دنوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ پائی گئی۔ تاہم یہ اضافہ 2024 کی دیوالی کے مقابلے میں کچھ کم رہا۔
شور کی سطح میں بھی قابلِ توجہ اضافہ دیکھا گیا۔ صنعتی علاقوں میں دن کے وقت شور 3.1 ڈیسی بیل اور رات میں 6.2 ڈیسی بیل زیادہ ریکارڈ ہوا۔ تجارتی علاقوں میں دن کے وقت 2.5 ڈیسی بیل اور رات میں 3.9 ڈیسی بیل کا اضافہ ہوا۔
رہائشی علاقوں میں دن کے وقت شور میں 1.6 ڈیسی بیل اور رات میں 3.7 ڈیسی بیل اضافہ ہوا، جبکہ حساس علاقوں میں دن کے وقت 1.1 ڈیسی بیل اور رات میں 4 ڈیسی بیل کا اضافہ دیکھا گیا۔
پولوشن کنٹرول بورڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پٹاخوں کے استعمال میں احتیاط برتیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور شور کی سطح کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کی صحت اور سکون برقرار رہے۔



