کم جونگ اُن اور صاحبزادی کی نئی پہاڑی سیرگاہ کا افتتاح
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اپنی صاحبزادی کے ہمراہ ملک کے شمالی پہاڑی علاقے سمجیون میں قائم ہونے والے ایک نئے شاندار سیاحتی مرکز کا دورہ کیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ مقام عوام کے لیے ایک دلکش تفریحی اور سیاحتی مقام کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
اس نئے ریزورٹ میں اندرونی اور بیرونی غسل خانے، باربی کیو ریستوران، آرام دہ رہائشی کمرے اور مختلف تفریحی سہولیات شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کم جونگ اُن نے خود ہوٹل کمروں کا معائنہ کیا، آرام گاہوں کو دیکھا اور یہاں تک کہ بستروں کی مضبوطی بھی جانچی۔
ریاستی خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ اُن نے اس منصوبے کو عوامی معیارِ زندگی میں بہتری اور ریاستی ترقی کی واضح مثال قرار دیا۔ انہوں نے سمجیون کو ایک جدید اور مہذب شہر کہا جو ملکی سیاحتی ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے۔ سرکاری بیانات میں دعویٰ کیا گیا کہ عوام کے پاس اب دنیا سے رشک کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ منصوبہ زیادہ تر غیر ملکی سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، خاص طور پر چین اور روس کے راستے گروہی سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ سمجیون کی علامتی اہمیت بھی خاص ہے کیونکہ یہ پہاڑ پیکتو کے قریب واقع ہے، جسے سرکاری تاریخ میں اہم مقام حاصل ہے۔



