بین الاقوامیعرب دنیا

کرسمس تعطیلات میں جرمن بینک سے پینتیس ملین ڈالر کی بڑی چوری

جرمنی کے شہر گیلسن کرشن میں کرسمس کی تعطیلات کے دوران ایک حیران کن واردات نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔ نامعلوم افراد نے ایک بینک کے زیرِ زمین والٹ میں نقب لگا کر نقد رقم، سونا اور زیورات چرا لیے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً تیس ملین یورو بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واردات انتہائی منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دی گئی۔ ملزمان نے پارکنگ گیراج سے ایک بڑا ڈرل استعمال کرتے ہوئے والٹ تک رسائی حاصل کی اور تین ہزار سے زائد لاکرز توڑ ڈالے۔ حیرت انگیز طور پر یہ کارروائی کئی دنوں تک جاری رہی، کیونکہ کرسمس کے باعث ادارے بند تھے۔

واردات کا انکشاف اس وقت ہوا جب پیر کی علی الصبح فائر الارم بجا اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دیوار میں سوراخ دیکھا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب چہرہ ڈھانپے افراد بڑے بڑے بیگ اٹھائے پارکنگ کی سیڑھیوں میں نظر آئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک سیاہ رنگ کی لگژری گاڑی بھی دیکھی گئی، جس کی نمبر پلیٹ پہلے ہی چوری شدہ تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واردات کسی فلمی کہانی سے کم نہیں اور اس میں پیشگی منصوبہ بندی اور مکمل معلومات شامل تھیں۔

بینک کے باہر متاثرہ صارفین کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جو اپنے نقصان پر سخت پریشان دکھائی دی۔ کئی افراد کا کہنا ہے کہ ان کا نقصان انشورنس رقم سے کہیں زیادہ ہے۔ بینک انتظامیہ نے صارفین کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ ہر متاثرہ شخص سے رابطہ کیا جائے گا۔

پولیس کی تفتیش جاری ہے اور حکام کو امید ہے کہ ملزمان جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button