ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار لیونل میسی 13 دسمبر کو بھارت کے دورے پر آ رہے ہیں اور اپنی پہلی منزل حیدرآباد میں مداحوں سے ملاقات کریں گے۔ شائقین کو میسی کے ساتھ سیلفی لینے کا منفرد موقع ملے گا، مگر اس کی قیمت 10 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
یہ اعلان دی گوٹ ٹور کی ایڈوائزر پروتی ریڈی نے پریس کانفرنس میں کیا۔
صرف 100 افراد کو تصویر کا موقع
پروتی ریڈی کے مطابق ’میٹ اینڈ گریٹ ود میسی‘ تقریب فلک نما پیلس میں ہوگی جس میں صرف 100 خوش نصیب افراد کو میسی کے ساتھ تصویر لینے کی اجازت ہوگی۔ ہر تصویر کی قیمت 9.95 لاکھ روپے (پلس جی ایس ٹی) رکھی گئی ہے۔
20 منٹ کا خصوصی فٹبال میچ
میسی ہفتہ شام 4 بجے حیدرآباد پہنچیں گے اور 7 بجے اپل اسٹیڈیم میں خصوصی تقریب میں شریک ہوں گے۔ ان کے ساتھ اسٹار کھلاڑی روڈریگو ڈی پال اور لوئس سواریز بھی شرکت کریں گے۔ اس دوران 20 منٹ کا فٹبال میچ بھی کھیلا جائے گا جس میں 15 بچے حصہ لیں گے، جن میں سے 10 بچے کم مراعات یافتہ مگر باصلاحیت ہیں۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی بھی میدان میں
تقریب کے آخری 5 منٹ میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی بھی میدان میں اتریں گے۔ میسی بچوں کو فٹبال کے خاص گر سکھائیں گے اور انعامات بھی تقسیم کریں گے۔ میسی تقریباً 1 گھنٹہ اسٹیڈیم میں رہیں گے اور ایک رات حیدرآباد میں قیام کے بعد اتوار صبح ممبئی روانہ ہوں گے۔
میوزیکل کنسرٹ بھی ہوگا
تقریب 3 گھنٹے جاری رہے گی، جس میں میوزیکل کنسرٹ بھی رکھا گیا ہے۔ ٹکٹس ڈسٹرکٹ ایپ پر دستیاب ہیں۔



