پٹرول و ڈیزل بحران، ریاست میں بیشتر پمپ بند، عوام پریشان
ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت کے باعث منگل کے روز بیشتر پٹرول پمپ بند ہو گئے جبکہ کئی مقامات پر اسٹاک ختم کے بورڈ نظر آئے۔ خاص طور پر حیدرآباد شہر میں صورتحال زیادہ سنگین رہی جہاں تقریباً ستر فیصد پمپ بند ہونے کی اطلاع ہے۔
ایندھن کی کمی کے باعث شہریوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ لوگ پٹرول پمپوں پر لمبی قطاروں میں کھڑے نظر آئے اور جہاں ایندھن دستیاب تھا وہاں گاڑیوں کے ٹینک مکمل بھرنے کے ساتھ بوتلوں میں بھی ذخیرہ کیا جا رہا ہے۔
پمپ مالکان کے مطابق انہوں نے بارہا آرڈر دینے کے باوجود بروقت سپلائی حاصل نہیں کی، جس کے باعث انہیں پمپ بند کرنے پڑے۔ ان کا کہنا ہے کہ تیل فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے غیر اعلانیہ کٹوتی کی جا رہی ہے اور مختلف شرائط عائد کی جا رہی ہیں، جس سے فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
دوسری جانب محکمہ شہری رسد نے وضاحت دی ہے کہ ریاست میں ایندھن کی کوئی قلت نہیں اور کافی مقدار میں ذخیرہ موجود ہے۔ حکام کے مطابق عوام میں پھیلنے والی افواہوں کے باعث ایک ہی وقت میں زیادہ خریداری ہونے سے عارضی دباؤ پیدا ہوا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایندھن کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔



