سائیکلون دِتواہ پر جانی نقصان مودی کی سری لنکن صدر سے اظہارِ تعزیت
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈِسانایکے سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے سائیکلون دِتواہ سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں سری لنکا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
مودی نے کہا کہ بھارت آپریشن ساگر بندھو کے تحت ریسکیو ٹیمیں، طبی مدد اور راحتی سامان جلد از جلد پہنچا رہا ہے، اور امداد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق سری لنکن صدر نے بھارت کی فوری مدد، ریسکیو ٹیموں کی آمد اور طبی سہولتوں پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکن عوام بھارت کی تیز رفتار کارروائی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
بھارت کی طرف سے اب تک خوراک، خیمے، ترپال، ادویات، سرجیکل آلات اور تربیت یافتہ ریسکیو ٹیمیں بھیجی گئی ہیں۔
دو بھارتی بحری جہازوں نے کولمبو میں 9.5 ٹن ہنگامی خوراک فراہم کی، جبکہ تین فضائیہ کے طیارے مزید 31.5 ٹن سامان بشمول کمبل، طبی کٹس، ریڈی ٹو ایٹ فوڈ اور میڈیکل کیوبز لے کر پہنچے۔
دونوں رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ بحالی اور متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو کے عمل تک قریبی رابطہ جاری رکھا جائے گا۔
سری لنکا میں سائیکلون کے باعث 355 سے زائد ہلاکتیں اور 366 افراد لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں، جب کہ کئی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے شدید تباہی ہوئی ہے۔



