وزیراعظم مودی کی جانب سے پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کا آغاز
وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز مغربی بنگال کے مالدا ٹاؤن ریلوے اسٹیشن سے ملک کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ جدید ٹرین گواہاٹی تا کولکاتا روٹ پر چلے گی اور طویل فاصلے کے سفر کو تیز، محفوظ اور آرام دہ بنائے گی۔
وزیراعظم نے ٹرین کے اندر بچوں اور اسکولی طلبہ سے ملاقات بھی کی۔ یہ مکمل اے سی سلیپر ٹرین جدید سہولیات سے لیس ہے، جس میں آرام دہ برتھ، جدید حفاظتی نظام اور مسافروں کے لیے بہتر سہولتیں شامل ہیں۔ اس ٹرین سے ہاوڑہ تا گواہاٹی کے سفر کا وقت تقریباً ڈھائی گھنٹے کم ہوگا، جس سے سیاحت اور مذہبی سفر کو فروغ ملے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ۳۲۵۰ کروڑ روپے سے زائد کے ریل اور سڑک انفراسٹرکچر منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا، جن کا مقصد مغربی بنگال اور شمال مشرقی بھارت میں رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے چار امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو بھی ورچوئل طور پر روانہ کیا، جو مختلف ریاستوں کو جوڑیں گی۔
ریلوے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ وزیراعظم مغربی بنگال کو درجنوں نئی ٹرینوں کا تحفہ دے رہے ہیں اور ریاست کے ۱۰۱ ریلوے اسٹیشنوں کو جدید بنایا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں سے مشرقی اور شمال مشرقی خطے کو ترقی کا نیا مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔



