قومی رہنماؤں کا ڈاکٹر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت، مساوات اور انصاف کے عزم کی تجدید
وزیرِاعظم نریندر مودی، اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور دیگر قومی رہنماؤں نے آج ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کی انسٹھویں برسی (مہاپرینروان دیوس) پر گہرے احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی دوراندیش قیادت، انصاف، مساوات اور آئینی اقدار کے لئے ان کی جدوجہد آج بھی ملک کی رہنمائی کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امبیڈکر نے ملک کو وقار اور جمہوری اقدار کا مضبوط راستہ دکھایا، جو آج بھی ’’وِکسِت بھارت‘‘ کی بنیاد ہے۔
وزیرِاعظم اور نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے پارلیمنٹ ہاؤس کے پریرنا ستھل میں امبیڈکر کے مجسمے پر پھول نچھاور کیے۔
اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بھی امبیڈکر کو قومی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال وراثت، برابری اور انسانی وقار کی تعلیمات آئین کی حفاظت کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ڈاکٹر امبیڈکر نے ملک کو آئین دیا، اور ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے نظریات کا احترام کریں اور ان کی حفاظت کریں‘‘۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ آج پہلے سے زیادہ وقت ہے کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے بتائے ہوئے اصولوں— سماجی انصاف، مساوات، اور بھائی چارے—کو مضبوطی سے اپنایا جائے۔
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ملک میں آزادی، انصاف، مساوات اور بھائی چارے کی بنیاد مضبوط کی اور ہر طبقے، خصوصاً کمزور اور پسماندہ طبقات کے حقوق کو یقینی بنایا۔
ملک بھر میں امبیڈکر جی کے نظریات کو یاد کرتے ہوئے آئین کی حرمت کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



