وزیراعظم مودی لکھنؤ میں، اٹل بہاری واجپئی کی ۱۰۱ویں سالگرہ پر قومی یادگار
وزیراعظم نریندر مودی آج اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سابق وزیراعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کی ۱۰۱ویں یومِ پیدائش کے موقع پر خصوصی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم دوپہر تقریباً ڈھائی بجے راشٹر پریرنا استھل کا افتتاح کریں گے اور بعد ازاں عوام سے خطاب بھی کریں گے۔
راشٹر پریرنا استھل کو اٹل بہاری واجپئی کی زندگی، نظریات اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ قومی یادگار ملک کی جمہوری اقدار، سیاسی فکر اور ترقیاتی سفر کو اجاگر کرتی ہے۔
اس کمپلیکس میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی، پنڈت دین دیال اُپادھیائے اور اٹل بہاری واجپئی کے پینسٹھ فٹ بلند کانسی کے مجسمے نصب کیے گئے ہیں، جو ان کی قومی خدمات کی علامت ہیں۔ یہاں ایک جدید کمل نما عجائب گھر بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں جدید ڈیجیٹل ذرائع سے بھارت کے قومی سفر اور عظیم رہنماؤں کی خدمات کو پیش کیا گیا ہے۔
یہ یادگار آنے والی نسلوں کے لیے حوصلہ، رہنمائی اور ترغیب کا ذریعہ بنے گی۔



