صدر مرمو کا دورۂ حیدرآباد ثقافتی تہوار میں شرکت
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو اپنے سرمائی تعطیلات کے سلسلے میں حیدرآباد کے دوروزہ دورے پر آرہی ہیں۔ وہ اپنے قیام کے دوران بولارم میں واقع راشٹرپتی نیلائم میں رہائش پذیر ہوں گی۔ صدر مرمو 21 نومبر کو خصوصی طیارے کے ذریعے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پہنچیں گی، جہاں ان کا باضابطہ استقبال کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق صدر مرمو دوپہر میں حیدرآباد پہنچیں گی اور شام کو راشٹرپتی نیلائم میں قیام کریں گی۔ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی صدرِ جمہوریہ کی سرمائی چھٹیاں حیدرآباد میں گزارنے کی روایت برقرار رہے گی۔ دورے کے پیشِ نظر ریاستی انتظامیہ نے سخت سیکورٹی انتظامات کیے ہیں، اور تمام اہم مقامات پر سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر رہیں گی۔
اپنے قیام کے دوران صدر مرمو بھارتیہ کلا مہوتسو میں شرکت کریں گی، جہاں وہ ملک بھر سے آئے ہوئے فنکاروں اور ثقافتی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کریں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تہوار ہندوستان کی ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اس میں مختلف ریاستوں کی ثقافتی جھلکیاں، رقص، موسیقی اور فنون پیش کیے جائیں گے۔
صدرِ جمہوریہ مرمو 22 نومبر کو بیگم پیٹ سے اے پی کے پٹاپرتی کے لیے روانہ ہوں گی۔ ان کے دورے کے دوران ٹریفک اور سیکورٹی سے متعلق تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ ایئرپورٹ، راشٹرپتی نیلائم اور تہوار کے مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔



