علاقائی خبریںقومی

صدر مرمو کا زور، امیدواروں کی ایمانداری کو اولین ترجیح دی جائے

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پبلک سروس کمیشن پر زور دیا ہے کہ وہ بھرتی کے عمل میں امیدواروں کی ایمانداری اور دیانت داری کو سب سے زیادہ اہمیت دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایمانداری اور دیانت داری ناقابلِ سمجھوتہ اقدار ہیں۔

تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے زیرِ اہتمام ریاستی پبلک سروس کمیشنوں کے چیئرمینوں کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ مہارتوں اور صلاحیتوں کی کمی کو تربیت اور سیکھنے کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے، لیکن دیانت داری کی کمی ایسے سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے جن پر قابو پانا مشکل ہو جاتا ہے۔

صدر مرمو نے کہا کہ سول سروسز میں آنے والے نوجوانوں میں محروم اور کمزور طبقات کے لیے کام کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین کی ضروریات اور خواہشات کے تئیں حساسیت بے حد ضروری ہے اور جینڈر حساسیت کو بھرتی کے عمل میں اعلیٰ ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے منتخب ہونے والے سرکاری ملازمین، جنہیں مستقل انتظامیہ کہا جاتا ہے، حکمرانی کے عمل میں غیر جانبداری، تسلسل اور استحکام پیدا کرتے ہیں۔ ان کی دیانت، حساسیت اور صلاحیت عوامی فلاحی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کے لیے نہایت اہم ہے۔

صدر نے کمیشنوں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں ابھرتے چیلنجز، شفافیت اور اعتبار کے فروغ اور عالمی معیار کی سول سروس ٹیم کی تیاری پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت ہے اور وکست بھارت ۲۰۴۷ کے ہدف کے حصول کے لیے مضبوط حکمرانی نظام ناگزیر ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button