وزیرِاعظم نریندر مودی سے خواتین کرکٹ ٹیم کی ملاقات ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد
وزیرِاعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی، جس نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ ٹیم کی قیادت ہرمن پریت کور نے کی، جنہوں نے جنوبی افریقہ کو ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم، نوی ممبئی میں شکست دی۔
وزیرِاعظم نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "آپ سب نے محنت، حوصلے اور جذبے سے پورے بھارت کا دل جیت لیا۔” انہوں نے کھلاڑیوں کی تعریف کی کہ مسلسل شکستوں اور تنقید کے باوجود ٹیم نے زبردست واپسی کی۔
ہرمن پریت کور نے کہا کہ "2017 میں ہم وزیرِاعظم سے بغیر ٹرافی کے ملے تھے، اب ٹرافی کے ساتھ ملنے پر بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔
نائب کپتان سمریتی مندھانا نے کہا کہ وزیرِاعظم نے ہمیشہ ہمیں حوصلہ دیا، اور آج خواتین ہر میدان میں کامیاب ہو رہی ہیں۔
دیپتی شرما، جنہیں ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، نے بتایا کہ ان کے بازو پر ہنومان جی کا ٹیٹو ہے جو انہیں طاقت دیتا ہے۔ وزیرِاعظم نے ٹیم سے کہا کہ وہ ملک بھر کی لڑکیوں میں ’فٹ انڈیا‘ کا پیغام پہنچائیں اور نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کریں۔
اس ملاقات میں ہیڈ کوچ امول مزمدار اور بی سی سی آئی کے صدر متھن منہاس بھی موجود تھے۔



