تلنگانہ کالجز کا الٹی میٹم: فیس نہ ملی تو 13 اکتوبر سے تالا بندی

تلنگانہ کے پرائیویٹ پروفیشنل کالجز نے ایک بار پھر غیر معینہ ہڑتال پر غور کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کالجز کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر فیس ری ایمبرسمنٹ بقایا جات جاری کرے۔
فیڈریشن آف ایسوسی ایشنز آف تلنگانہ ہائر ایجوکیشن نے بدھ کو اعلان کیا کہ اگر 12 اکتوبر تک حکومت بقایا جات جاری نہیں کرتی تو 13 اکتوبر سے تمام کالجز بند کر دیے جائیں گے۔
کالجز میں انجینئرنگ، فارما، نرسنگ، ایم بی اے، ایم سی اے اور بی ایڈ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ 15 ستمبر کو بھی کالجز نے غیر معینہ ہڑتال شروع کی تھی لیکن حکومت کی یقین دہانی پر اُسی دن ہڑتال واپس لے لی گئی تھی۔
کے چیئرمین این رمیش بابو نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ 21 اور 22 ستمبر کو 600 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے، لیکن صرف 200 کروڑ روپے جاری ہوئے۔ مزید کہا گیا کہ اگر حکومت نے وعدے کے مطابق دیوالی تک 1200 کروڑ روپے جاری کرنے کا واضح لائحہ عمل نہ دیا تو طلبہ کے ساتھ مل کر "چلو حیدرآباد” احتجاج کیا جائے گا۔
وزراء سری دھر بابو اور اُتم کمار ریڈی نے بھی مذاکرات میں حصہ لیا۔ کالجز کا کہنا ہے کہ اب بات چیت صرف چیف منسٹر آفس کے ساتھ ہوگی۔