اسپین ٹرین حادثہ ٹریک کی خرابی سامنے آ گئی
اسپین میں پیش آنے والے خوفناک ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ہائی اسپیڈ ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کی ممکنہ وجہ ریل کے جوڑ میں خرابی بتائی جا رہی ہے۔ اس حادثے میں کم از کم انتالیس افراد ہلاک ہوئے تھے، جسے جدید دور کے یورپ کے بدترین ریلوے حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
تحقیق سے وابستہ ذرائع کے مطابق حادثے کی جگہ پر ریل کے دو حصوں کو جوڑنے والے لوہے کے جوڑ میں کافی عرصے سے خرابی موجود تھی۔ ماہرین نے بتایا کہ اس جوڑ میں گھساؤ کے باعث ریل کے حصوں کے درمیان خلا پیدا ہو گیا تھا، جو وقت کے ساتھ ٹرینوں کی آمدورفت سے بڑھتا چلا گیا۔
یہ حادثہ جنوبی صوبہ کوردوبا کے علاقے آداموز کے قریب پیش آیا، جہاں پٹڑی سے اترنے والی ٹرین کی بوگیاں سامنے سے آنے والی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئیں اور اسے پٹری سے نیچے ڈھلوان میں دھکیل دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی سات بوگیاں اس خلا سے گزر گئیں، تاہم آخری بوگی پٹڑی سے اتر گئی، جس کے باعث دیگر بوگیاں بھی متاثر ہوئیں۔ تحقیقاتی ماہرین کے مطابق یہی خراب جوڑ حادثے کی اصل وجہ تک پہنچنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
ٹرین ساز کمپنی کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ حادثے سے قبل معائنے میں کوئی خرابی سامنے نہیں آئی تھی۔ حکام کے مطابق انسانی غلطی کے امکانات تقریباً مسترد کیے جا چکے ہیں، جبکہ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔



