بین الاقوامی
سعودی عرب میں غیرملکیوں کی ترسیلات زر میں 15 فیصد اضافہ، 2025 میں 165.5 ارب ریال کا ریکارڈ

ریاض: سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے مطابق 2025 کے دوران تارکین وطن کی ترسیلات زر 165.5 ارب ریال تک پہنچ گئیں، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ رقم 2024 کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 2024 میں ترسیلات زر 144.2 ارب ریال رہی تھیں۔
ساما کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں غیرملکیوں کی جانب سے 14 ارب ریال کی ترسیلات زر بھیجی گئیں، تاہم یہ ستمبر 2024 کے مقابلے میں معمولی کمی ظاہر کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب طویل عرصے سے غیرملکی کارکنوں اور پروفیشنلز کے لیے روزگار کا ایک اہم مرکز رہا ہے، جہاں بہتر معاشی مواقع اور تنخواہیں دنیا بھر کے افراد کو متوجہ کرتی ہیں۔



