ریونت ریڈی کی اپیل بنگلورو–حیدرآباد راہداری کو دفاعی کوریڈور کا درجہ دیا جائے
حیدرآباد میں منعقدہ ایک اہم تقریب کے دوران تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی سے مودبانہ درخواست کی کہ بنگلورو–حیدرآباد راہداری کو ’’دفاعی و فضائیہ کوریڈور‘‘ کا درجہ دیا جائے۔
یہ مطالبہ اس تقریب میں کیا گیا جہاں فرانسیسی کمپنی سفراں کی جانب سے طیاروں کے انجنوں کی مرمت و دیکھ بھال (ایم آر او) سہولت کا افتتاح کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اس سہولت کا آن لائن افتتاح انجام دیا۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کی فضائیہ و دفاعی برآمدات گزشتہ ایک سال میں دوگنی ہوکر ۳۰ ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں، جو صرف نو ماہ میں دوا سازی کی برآمدات سے بھی آگے نکل گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہنر مندی کا فروغ اس شعبے میں سرمایہ کاری کا اہم حصہ ہے، اسی لیے ریاست تیزی سے اس سمت کام کررہی ہے۔
ریونت ریڈی نے مزید بتایا کہ ریاست ’بھارت فیوچر سٹی‘ کو ۳۰ ہزار ایکڑ میں تیار کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم سمیت تمام صنعت کاروں اور ماہرین کو ’تلنگانہ رائزنگ ۲۰۴۷ – گلوبل سمٹ‘ میں شرکت کی دعوت دی، جو ۸ اور ۹ دسمبر کو منعقد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار ریاست کی معاشی وژن کو پیش کرے گا، جس کے مطابق تلنگانہ ۲۰۳۵ تک ایک ٹریلین ڈالر اور ۲۰۴۷ تک تین ٹریلین ڈالر معیشت بننے کا ہدف رکھتا ہے۔
اس موقع پر سفراں کے ایم آر او یونٹ کے علاوہ رافیل طیاروں میں استعمال ہونے والے ایم۔۸۸ انجن کے نئے یونٹ کے سنگِ بنیاد کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں ریونت ریڈی، مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو، ریاستی وزیر سریدھر بابو اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔



