لال قلعہ دھماکہ دہشت گرد حملہ، امریکا نے بھارتی تحقیقات کی تعریف کی
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے لال قلعہ دھماکہ کو ایک دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے بھارت کی جانب سے کی جانے والی پیشہ ورانہ اور محتاط تفتیش کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح طور پر ایک دہشت گرد حملہ تھا، ایک کار میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا، جس کے پھٹنے سے کئی لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔
امریکہ نے اس تفتیش میں مدد کی پیشکش کی ہے، مگر روبیو نے کہا کہ بھارت ان تحقیقات میں خود کافی ماہر اور قابل ہے، انہیں کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں۔
روبیو اور بھارت کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے درمیان کینیڈا میں ہونے والی ملاقات میں اس واقعے پر بات چیت ہوئی۔ جے شنکر نے روبیو کی جانب سے اظہارِ تعزیت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، عالمی سلامتی اور علاقائی تعلقات پر بھی گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ پیر کے روز لال قلعہ کے قریب کار میں دھماکہ ہوا تھا جس میں آٹھ افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوئے۔ بھارتی حکومت نے اس واقعے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



