روس کا "وحشیانہ” حملہ: یوکرین کے ٹرین اسٹیشن پر حملہ، 30 مسافر زخمی

یوکرین کے شمالی علاقے سومی میں روسی فضائی حملے سے مسافر ٹرین اسٹیشن نشانہ بن گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد زخمی ہو گئے۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس حملے کو “وحشیانہ” قرار دیتے ہوئے روس کی مذمت کی۔
زیلنسکی نے کہا کہ "روسیوں کو بخوبی معلوم تھا کہ وہ عام شہریوں پر حملہ کر رہے ہیں۔” حملہ شوسٹکا اسٹیشن پر کیا گیا، جو روس کی سرحد سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
علاقائی گورنر اولیگ ہریگوروف کے مطابق، حملے میں وہ ٹرین بھی متاثر ہوئی جو کیف جا رہی تھی۔ ریسکیو ٹیمیں، میڈیکل عملہ اور ہنگامی خدمات موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق، ریلوے کے ڈھانچے پر حملے حالیہ دو ماہ سے تقریباً روزانہ کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز روس نے یوکرین کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے جن سے بجلی اور گیس کے نیٹ ورک متاثر ہوئے۔
یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے روس کے لینن گراڈ علاقے میں واقع تیل کے ایک بڑے ریفائنری پر جوابی حملہ کیا ہے، جسے روسی حملوں کا "منصفانہ جواب” قرار دیا جا رہا ہے۔