روس کے حملے میں 4 ہلاک، 16 زخمی یوکرین میں پھر تباہی
روسی میزائل اور ڈرون حملوں میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔ حملے ہفتہ کی صبح اُس وقت کیے گئے جب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے امریکہ سے روسی تیل پر مزید پابندیاں لگانے کی اپیل کی تھی۔
کیف شہر میں دو افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے۔ شہر کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور ٹکاچینکو کے مطابق ایک غیر رہائشی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ تباہ شدہ میزائلوں کا ملبہ ایک اور مقام پر گرنے سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
میئر ویتالی کلیچکو نے کہا کہ "شہر پر بالیسٹک حملہ جاری ہے، دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔”
دنپروپیٹروسک علاقے میں بھی دو افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق رہائشی عمارتیں، دکانیں اور گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
یوکرین کی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے 9 میزائل اور 62 ڈرون داغے، جن میں سے 4 میزائل اور 50 ڈرون مار گرائے گئے۔
دوسری جانب روس کے وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ نے 121 یوکرینی ڈرون تباہ کیے۔
یہ حملے اُس وقت ہوئے جب زیلنسکی لندن میں یورپی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل مانگ رہے تھے۔ برطانوی وزیرِاعظم کئیر اسٹارمر نے روس پر مزید دباؤ بڑھانے پر زور دیا تاکہ یوکرین کو سردیوں میں روسی حملوں سے بچایا جا سکے۔



