سام سنگ میں بڑی تبدیلی نئے شریک سربراہ اور ٹیکنالوجی چیف کا اعلان
جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی اعلیٰ قیادت میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے نئے شریک سربراہ اور ٹیکنالوجی چیف کی تقرری کرتے ہوئے مستقبل کی تیاری اور کاروباری چیلنجوں سے نمٹنے کی حکمت عملی پر زور دیا ہے۔
تبدیلیوں کے مطابق صدر رو تے مُون کو کمپنی کا شریک سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ وہ پہلے ہی موبائل، ٹی وی اور ہوم اپلائنسز کے شعبے کی سربراہی کر رہے تھے۔ اب وہ اس شعبے کے باضابطہ سربراہ بھی ہوں گے اور کمپنی کے اہم فیصلوں میں شریک رہیں گے۔
اس کے ساتھ وائس چیئرمین جون یونگ ہیون بھی شریک سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ وہ سیمی کنڈکٹر کے شعبے کی نگرانی کرتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق دو سربراہوں کا نظام سام سنگ کے بڑے کاروباری شعبوں کو مضبوط بنانے، نئی ٹیکنالوجی میں سبقت برقرار رکھنے اور بدلتی عالمی معاشی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے میں مدد دے گا۔
اس کے علاوہ یون جانگ ہیون کو نیا ٹیکنالوجی چیف مقرر کرتے ہوئے ڈی ایکس ڈویژن کا نیا صدر بھی بنایا گیا ہے۔ ساتھ ہی پروفیسر پارک ہونگ کن کو سام سنگ ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔



