ٹیکنالوجیعلاقائی خبریںقومی

سَتیہ نڈیلا کا اعلان مائیکروسافٹ کی بھارت میں 1.5 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری

دنیا کی معروف ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ نے بھارت میں تاریخی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے سی ای او ستیّا نادیلا نے بتایا کہ مائیکروسافٹ بھارت میں ۱.۵ لاکھ کروڑ روپے کی خطیر رقم مصنوعی ذہانت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے خرچ کرے گی۔ یہ اعلان وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا۔

ستیّا نادیلا کے مطابق یہ سرمایہ کاری ایشیا میں مائیکروسافٹ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی، جو ۲۰۲۶ سے ۲۰۲۹ کے درمیان کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم کے ذریعے بھارت میں اے آئی انفراسٹرکچر, نئی مہارتوں کی تربیت اور ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی کام کیا جائے گا۔

نادیلا نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم مودی کے ساتھ اے آئی کے مستقبل پر نہایت حوصلہ افزا گفتگو ہوئی اور مائیکروسافٹ بھارت کے ڈیجیٹل عزائم کو مکمل حمایت دے گا۔

اس اعلان کا وزیراعظم نریندر مودی نے گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا آج مصنوعی ذہانت کے معاملے میں بھارت کی طرف امید سے دیکھ رہی ہے۔ مودی نے یقین ظاہر کیا کہ بھارت کی نوجوان نسل اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اے آئی کے شعبے میں نئی مثال قائم کرے گی۔

ٹیک ماہرین کے مطابق مائیکروسافٹ کی یہ بڑی سرمایہ کاری بھارت کی ڈیجیٹل معیشت, اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور ٹیک انڈسٹری کو نئی رفتار دے گی۔ کمپنی پہلے ہی حیدرآباد اور پونے جیسے شہروں میں نمایاں سرگرمیاں رکھتی ہے، اور نئی سرمایہ کاری کو بھارت کے لیے تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button