بین الاقوامیعرب دنیا

سعودی عرب میں شدید بارشیں اور طوفانی آندھیاں

سعودی عرب کے قومی مرکزِ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بڑے حصوں میں شدید بارشیں، گرج چمک، اولے اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔ بعض علاقوں میں فلڈ جیسی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق مکہ، مدینہ، قصیم، ریاض، مشرقی صوبہ اور شمالی سرحدی علاقے شدید ترین موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق کئی علاقوں میں درمیانی سے شدید گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جو اچانک سیلابی ریلوں کا سبب بن سکتی ہے۔ بعض مقامات پر اولے بھی برسنے کا امکان ہے جبکہ تیز رفتار ہوائیں معمولات زندگی متاثر کر سکتی ہیں۔ حائل، تبوک اور الجوف میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ مملکت کے جنوب مغربی پہاڑی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ کچھ علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بحرِ احمر میں سطحی ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی جانب چلیں گی اور رفتار 18 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جو بڑھ کر 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔ یہاں موسم درمیانہ سے خراب ہو سکتا ہے، خاص طور پر باب المندب کے قریب۔

دوسری جانب خلیجِ عرب میں ہوائیں جنوب مشرق سے جنوب کی سمت چلیں گی جن کی رفتار 10 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور بعض مقامات پر 60 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔

موجوں کی اونچائی 0.5 میٹر سے 1.5 میٹر تک رہنے کا امکان ہے جو بڑھ کر بعض علاقوں میں 2.5 میٹر تک پہنچ سکتی ہے۔ موسم ہلکے سے درمیانے درجے تک رہے گا، تاہم شمالی خلیج میں شدید گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button