خوفناک سانحہ شاہ علی بنڈہ الیکٹرانکس میں ہولناک آگ، ایک ہلاکت سات زخمی
شاہ علی بنڈہ کے مصروف علاقے میں الیکٹرانکس شو روم میں پیر کی رات بھڑکنے والی ہولناک آگ نے پورے علاقے کو دہلا دیا۔ اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے، جبکہ آگ لگنے کی اصل وجہ پر شکوک و شبہات بڑھتے جا رہے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق تیز دھماکے کے ساتھ شو روم کا شٹر پھٹ گیا، عمارت لرز اٹھی اور چند ہی لمحوں میں گھنا دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا۔ اوپری منزل پر موجود ایک جم ٹرینر نے بتایا کہ دھماکے کے بعد شیشہ ٹوٹ کر بکھر گیا، فال سیلنگ گر پڑی اور اچانک بجلی بند ہونے سے لوگ مکمل اندھیرے میں پھنس گئے۔
ٹرینر کے مطابق انہوں نے بچوں کو اٹھا کر نیچے اتارا اور واچ مین کو کندھے پر لے کر باہر نکالا کیونکہ وہ دھوئیں کی وجہ سے سانس نہیں لے پا رہا تھا۔ دھماکے کے فوراً بعد نیچے کھڑی ایک گاڑی بھی شعله زنی کا شکار ہوگئی۔
اہلِ علاقہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو برسوں میں یہ تیسرا بڑا آتشزدگی کا واقعہ ہے۔ پہلے بجاج الیکٹرانکس میں آگ لگی، پھر دوسری عمارت میں اور اب یہ شو روم — مبینہ طور پر ان مقامات کو غیر محفوظ گوداموں کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی شبہ شارٹ سرکٹ پر ہے، تاہم مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب آگ کی وجہ سے چارمینار تا چندریان گٹہ ٹریفک مکمل بند کر دیا گیا، جس سے علاقے میں شدید بدنظمی دیکھی گئی۔
مسلسل پیش آنے والی آگ کے یہ واقعات علاقائی سیکیورٹی اور فائر سیفٹی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔



