آندھرا پردیش: کوناسیما میں آتش بازی فیکٹری میں آگ، 6 مزدور جاں بحق، 2 زخمی

آندھرا پردیش کے کوناسیما ضلع میں آتش بازی بنانے والی فیکٹری میں بدھ کی دوپہر خوفناک آگ لگنے سے چھ مزدور جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ ریاوارم کے علاقے میں واقع سری گنپتی گرینڈ فائر ورکس یونٹ میں دوپہر تقریباً ایک بجے پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے اندازہ ہوتا ہے کہ تیاری کے دوران لاپرواہی یا غلطی کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ راہل مینا نے بتایا کہ فیکٹری کو لائسنس حاصل تھا اور لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
رام چندرپورم پولیس آفیسر بی راگھو ویر نے انکشاف کیا کہ اس یونٹ کو گزشتہ دو ہفتوں میں دو بار نوٹس جاری کیے گئے تھے اور بارہا انتباہ بھی دیا گیا تھا۔
یہ فیکٹری 1932 سے کام کر رہی ہے اور علاقے کی قدیم ترین آتش بازی یونٹس میں شمار ہوتی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا،
"کوناسیما کے اس افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔”
وزیر اعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے حکام کو فوری ریلیف کارروائیاں اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
جبکہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی غم و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات کا پتہ چلا جا سکے۔