سمِرتی مندھانا نے شادی منسوخ ہونے کی تصدیق کردی
معروف بھارتی کرکٹر سمرتی مندھانا نے آخرکار اپنی شادی سے متعلق تمام خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے واضح طور پر تصدیق کی ہے کہ ان کی اور موسیقار پالاش مُچّل کی شادی منسوخ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ان کی ذاتی زندگی پر افواہیں گردش کر رہی تھیں، جس کے بعد انہیں یہ وضاحت دینا ضروری محسوس ہوا۔
سمرتی نے درخواست کی کہ دونوں خاندانوں کی پرائیویسی کا مکمل احترام کیا جائے اور اس معاملے کو یہی ختم سمجھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ سے اپنی ذاتی زندگی کو عوامی نظر سے دور رکھنا چاہتی ہیں۔
اپنے پیغام میں سمرتی مندھانا نے کہا کہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد ملک کی نمائندگی کرنا ہے اور ان کی پوری توجہ اب صرف کرکٹ اور ملک کے لیے میچ جیتنے پر ہوگی۔
شادی منسوخ ہونے کی وجوہات میں بتایا گیا کہ پہلے سمرتی کے والد کی طبیعت اچانک بگڑنے پر تقریب ملتوی کی گئی، اس کے بعد پالاش مُچّل بھی شدید ذہنی دباؤ کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے۔ دونوں خاندانوں نے باہمی رضامندی سے شادی کو نا معلوم مدت کے لیے ختم کر دیا۔
بعد ازاں پالاش مُچّل نے بھی بیان جاری کیا کہ وہ اس رشتے سے آگے بڑھ رہے ہیں اور جھوٹی خبروں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی نوٹ کیا کہ سمرتی نے پالاش کو اَن فالو کر دیا ہے اور اپنی منگنی کی انگوٹھی بھی نہیں پہن رہیں، جس سے قیاس آرائیاں مزید مضبوط ہو گئیں۔
اب سمرتی مندھانا دوبارہ اپنی معمول کی زندگی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی طرف لوٹ رہی ہیں، اور جلد ہی آنے والی خواتین کی لیگ میں اپنی ٹیم کی قیادت کریں گی۔



