تلنگانہ کے 6 اضلاع میں 12 اکتوبر کو خصوصی پولیو مہم

تلنگانہ میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے 12 اکتوبر کو ایک خصوصی پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے۔ یہ مہم مرکزی حکومت کی ملک گیر کوشش کا حصہ ہے، جس کے تحت 290 اضلاع میں ویکسینیشن کی جائے گی۔
تلنگانہ کے جن چھ اضلاع کو اس خصوصی مہم کے لیے منتخب کیا گیا ہے، ان میں حیدرآباد، رنگا ریڈی، میڈچل، سنگاریڈی، ہنمکنڈہ اور ورنگل شہری علاقہ شامل ہیں۔
محکمۂ صحت کے مطابق ان اضلاع میں 17 لاکھ 56 ہزار 789 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صحت حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ہر بچے کو پیدائش سے لے کر پانچ سال تک لازمی ویکسین دلوائیں تاکہ ریاست پولیو سے مکمل محفوظ رہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں آخری پولیو کیس 2011 میں رپورٹ ہوا تھا، جبکہ تلنگانہ میں آخری کیس 2007 میں سامنے آیا تھا۔ تاہم بنگلہ دیش اور پاکستان میں حالیہ پولیو کے کیسز سامنے آنے کے بعد مرکزی وزارتِ صحت نے احتیاطی اقدامات کے طور پر یہ خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔