شاہ رُخ خان کا خراجِ عقیدت 26/11، پہلگام اور دہلی دھماکوں کے متاثرین یاد
ممبئی میں منعقدہ گلوبل پیس آنرز 2025 کی تقریب میں مشہور اداکار شاہ رُخ خان نے 26/11 حملہ, پہلگام حملہ اور دہلی دھماکوں کے شہداء اور متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں عوامی نمائندے، سماجی شخصیات اور شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور ملک کی سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔
شاہ رُخ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ان معصوم جانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو ان حملوں میں شہید ہوئے، اور ساتھ ہی اُن بہادر سیکورٹی اہلکاروں کو بھی خراجِ تحسین جنہوں نے ملک کی حفاظت میں اپنی جان دے دی۔ تقریب میں ان کے الفاظ نے موجود شرکاء کو جذباتی کردیا اور سیکورٹی فورسز کے لئے گہرے احترام کا ماحول پیدا ہوا۔
انہوں نے ملک میں بھائی چارے، اتحاد اور امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر طرح کے تعصبات، نفرت اور تقسیم کو بھلا کر انسانیت کے راستے پر چلنا چاہئے۔ انہوں نے شہداء کے احترام میں چند سطریں بھی پڑھیں جن میں ملک کے محافظوں پر فخر اور قوم کی یکجہتی کا پیغام شامل تھا۔
شاہ رُخ خان نے کہا کہ اگر ہم سب مل کر امن کی طرف قدم بڑھائیں تو ملک کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک میں پائیدار امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب کے آخر میں اداکار نے دوبارہ قومی یکجہتی اور سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کیا۔ اس موقع پر دیگر معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔ یہ تقریب ملک میں امن، محبت اور یکجہتی کے پیغام کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ بنی۔



