تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

ریونت ریڈی کا دعویٰ: جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں کانگریس کی جیت یقینی

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں بی آر ایس سے نشست حاصل کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس اور بی جے پی دونوں جماعتیں اپنی ضمانت بھی نہیں بچا پائیں گی۔

ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی کے تسلسل کے لیے کانگریس امیدوار کو کامیاب کریں تاکہ حیدرآباد اور ریاست کی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ 2004 سے 2014 کے درمیان کانگریس کے دورِ حکومت میں ہوئی ترقی کو 2014 سے 2023 کے بی آر ایس دور سے موازنہ کریں۔

ریونت ریڈی نے الزام لگایا کہ کانگریس نے تلنگانہ ریاست کو 16 ہزار کروڑ روپے کے اضافی بجٹ کے ساتھ بی آر ایس کو سونپا، لیکن بی آر ایس نے اسے 8.11 لاکھ کروڑ کے قرض میں ڈبو دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈہ، میٹرو، آؤٹر رنگ روڈ، آئی ٹی اور فارما سیکٹر کے منصوبے سب کانگریس کی دین ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کشن ریڈی اور کے ٹی راما راؤ کو “برے بھائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حیدرآباد کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کے سی آر نے نیا سیکریٹریٹ، پراگتی بھون اور کلیشورم پراجیکٹ اپنے ذاتی مفادات کے لیے تعمیر کیے، جن سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ریونت ریڈی نے بتایا کہ حکومت نے وارنگل اور عادل آباد ایئرپورٹس کے لیے منظوری حاصل کر لی ہے اور میٹرو کے توسیعی منصوبے کے لیے 43 ہزار کروڑ روپے کی تجویز مرکز کو بھیجی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف ڈیڑھ سال میں تین لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری ریاست میں لائی گئی، جب کہ بی آر ایس نے آؤٹر رنگ روڈ صرف 7 ہزار کروڑ میں فروخت کر کے نقصان پہنچایا۔



متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button