دو سال میں مکمل ہوگا نیا عثمانیہ اسپتال، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا حکم
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ نئے عثمانیہ اسپتال کی تعمیر دو سال کے اندر مکمل کی جائے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور تمام محکموں کو رفتار تیز کرنے کے احکامات دیے۔
وزیر اعلیٰ نے انجینئرنگ محکمے کو ہدایت دی کہ اسپتال کے کمرے، لیبارٹریاں اور دیگر شعبے اس طرح تعمیر کیے جائیں کہ مستقبل میں جدید طبی آلات با آسانی نصب کیے جا سکیں۔ ساتھ ہی اسپتال کے اردگرد سڑکوں کی تعمیر پر بھی زور دیا تاکہ عوام کو پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے ہیلتھ، پولیس، جی ایچ ایم سی، روڈز اینڈ بلڈنگز اور الیکٹریسٹی کے محکموں پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دیے، جو ہر دس دن بعد جائزہ اجلاس کرے گی اور تعمیراتی مسائل کو فوری حل کرے گی۔
ریونت ریڈی نے پولیس محکمے کو ہدایت دی کہ اسپتال کے مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے منصوبے پہلے سے تیار رکھے جائیں۔
نیا عثمانیہ جنرل اسپتال کمپلیکس گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم کی 32 ایکڑ زمین پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے پر 2700 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہاں 2000 بستروں پر مشتمل ایک جدید عمارت ہوگی، جس میں تعلیمی بلاک، ہاسٹل، دھرم شالہ، مردہ خانہ اور سیکیورٹی عمارت بھی شامل ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پرانی عمارت کو موسی ندی کے ترقیاتی منصوبے کے تحت سیاحتی مرکز کے طور پر محفوظ کیا جائے گا۔



