ریونت ریڈی کا بڑا اعلان کوڈنگل کو بین الاقوامی تعلیمی مرکز بنانے کا وعدہ
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ کوڈنگل کو جلد ہی بین الاقوامی تعلیمی مرکز بنایا جائے گا۔ اپنے حلقۂ انتخاب میں مختلف ترقیاتی کاموں کے سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوڈنگل کو تلنگانہ کا نوئیڈا بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا کہ یہ حلقہ ریاست کا مثالی حلقہ بنے گا، جہاں پورے تلنگانہ کے طلبہ تعلیم حاصل کرنے آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کوڈنگل میں میڈیکل، ویٹرنری، زراعت، پیرامیڈیکل، نرسنگ، انجینئرنگ کالجز، اقامتی اسکول، جونیئر و ڈگری کالجز اور ایک ملٹری اسکول قائم کیے جائیں گے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ معیاری تعلیم ہی نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کوڈنگل کے 312 سرکاری اسکولوں کے 28 ہزار طلبہ کو روزانہ ناشتہ فراہم کر رہی ہے۔ ساتھ ہی سنٹرلائزڈ کچنز کے ذریعے دوپہر کا کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ’’ماں کی طرح‘‘ بچوں کی بھلائی کے بارے میں سوچ رہی ہے اور انہیں معیاری غذا دے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’عوام کی حکومت‘‘ کی پہلی ترجیح تعلیم، آبپاشی اور خواتین کا خودمختاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائن رائس تقسیم، مفت آر ٹی سی بس سفر اور 500 روپے کا گیس سلنڈر جیسی اسکیموں نے خواتین کے چہروں پر خوشی لائی ہے۔ خواتین کے گروپس کو سولر پلانٹس لگانے کے ٹھیکے بھی دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کسان خود اپنی زمین کوڈنگل لفٹ ایریگیشن پروجیکٹ کے لیے دے رہے ہیں، جو تین سال میں مکمل ہوگا۔ ساتھ ہی لاگاچیرلا صنعتی علاقے کو بھی بین الاقوامی معیار کا انڈسٹریل زون بنانے کا اعلان کیا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ دیرینہ مطالبہ کوڈنگل ریلوے لائن کا کام نو ماہ میں شروع ہوگا، جس سے 70 سالہ خواب پورا ہوگا۔ حلقے میں سیمنٹ فیکٹریاں بھی قائم ہوں گی، جس سے ترقی کی رفتار بڑھے گی۔



