تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

ریاست کی تیز رفتار ترقی کیلئے مرکز کی مدد ضروری وزیراعلیٰ ریونت ریڈی

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ریاست کی معاشی ترقی کو نئی رفتار دینے کیلئے مرکزی حکومت کی فوری مدد طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کئی اہم اور تبدیلی لانے والے منصوبے التواء کا شکار ہیں جنہیں مرکز کی منظوری اور تعاون کے بغیر مکمل نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر شہری ترقی منوہر لال کھٹر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کا ریاستی ویژن پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہر میں بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر ترقیاتی منصوبے شروع کر رہی ہے۔

ریونت ریڈی نے مرکز سے درخواست کی کہ وہ موسیٰ ریجوونیشن پروجیکٹ، میٹرو ریل توسیع، گوداوری پانی کی منتقلی، اور ریجنل رنگ روڈ جیسے اہم منصوبوں کی فوری منظوری دے اور پوری مالی مدد فراہم کرے۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں ریاست کے زیرو کاربن اخراج اقدامات سے بھی مرکزی وزیر کو آگاہ کیا، جن میں برقی گاڑیوں کے فروغ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آنے والے سال میں ۳۰۰۰ برقی بسیں حیدرآباد کی سڑکوں پر اتاری جائیں گی۔

اجلاس میں فیوچر سٹی پروجیکٹ، عالمی سرمایہ کاری، اور نئے ڈرائی پورٹ کے قیام پر بھی بات چیت ہوئی جو ریاست کی معیشت مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ ہماری مقابلہ بازی ملک کی ریاستوں سے نہیں بلکہ سنگاپور، ٹوکیو اور نیویارک جیسے شہروں سے ہے، اور اس کیلئے مرکز کا تعاون لازمی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ رائزنگ وژن 2047 دستاویز ۹ دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کا ہدف ہے کہ تلنگانہ کی معیشت 2034 تک ایک کھرب ڈالر اور 2047 تک تین کھرب ڈالر تک پہنچ جائے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button