تلنگانہ میں بڑا سائبر حملہ وزراء اور سی ایم او کے سرکاری گروپس ہیک
تلنگانہ میں بڑا سائبر حملہ سامنے آیا ہے جس میں وزراء اور سی ایم او کے سرکاری واٹس ایپ گروپس ہیک کر لیے گئے ہیں۔ اس واقعے نے ریاست میں سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم سائبر نیرغالی ایس بی آئی کے وائی سی کے بہانے مشکوک اے پی کے فائلز بھیج رہے ہیں اور وصول کنندگان کو فوری آدھار اپڈیٹ کرنے کا جھانسہ دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراء کے گروپس کے علاوہ چیف منسٹر آفس گروپ، ڈپٹی چیف منسٹر گروپ اور میڈیا سے متعلق کئی اہم سرکاری گروپس بھی اس ہیکنگ کی زد میں آئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق وزراء کے پی آر اوز اور متعدد صحافیوں کے موبائل فون بھی متاثر ہوئے ہیں، جس کے بعد یہ خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سائبر کرائم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ عوام، سرکاری ملازمین اور میڈیا سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی نامعلوم یا غیر مصدقہ اے پی کے فائل کو نہ کھولیں، نہ کسی مشکوک لنک پر کلک کریں، اور کسی بھی مشتبہ فائل کو فوراً ڈیلیٹ کر دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حملوں سے موبائل ڈیٹا، بینک اکاؤنٹس اور ذاتی معلومات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ریاستی حکومت نے اس واقعے کی تفصیلی جانچ کا حکم دے دیا ہے اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



