ٹی ہب صرف اسٹارٹ اپس کے لیے، سرکاری دفاتر کی منتقلی کا فیصلہ واپس
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونتھ ریڈی نے ٹی ہب میں سرکاری دفاتر منتقل کرنے سے متعلق جاری حکومتی حکم نامہ فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ٹی ہب کی ہر انچ جگہ صرف اسٹارٹ اپس، ٹیکنالوجی اداروں اور ابھرتی کمپنیوں کے فروغ کے لیے استعمال کی جائے گی، تاکہ تلنگانہ رائزنگ کے وژن کے تحت یونیکارن کمپنیاں تیار کی جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، جیسے ہی انہیں ٹی ہب میں سرکاری دفاتر کی منتقلی کے مجوزہ فیصلے کا علم ہوا، انہوں نے اس حکم کو فوری منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ بیان میں کہا گیا کہ ٹی ہب کو اختراعات، تحقیق اور نئی ٹیکنالوجی کا مرکز بنایا جانا ہے اور اس مقصد سے ہٹ کر کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے انتالیس سرکاری دفاتر کی تنظیم نو کے تحت بعض دفاتر کو ٹی ہب منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان میں محکمہ مال، توانائی، ماحولیات، جنگلات، خوراک و شہری رسد، سیاحت، ثقافت اور مالیات سے وابستہ مختلف دفاتر شامل تھے، جنہیں شہر کے مختلف علاقوں میں نئی عمارتوں میں منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
اس حکم نامے کے تحت کچھ دفاتر کو بیگم پیٹ، موزم جاہی مارکیٹ، ملاک پیٹ، چندرائن گٹہ، نامپلی اور ایرم منزل جیسے علاقوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ تھا۔ تاہم، وزیر اعلیٰ کی مداخلت کے بعد ٹی ہب سے متعلق تمام دفاتر کی منتقلی کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔



