تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

تلنگانہ پنچایت الیکشن: کانگریس کی شاندار جیت

تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کے پہلے مرحلے میں حکمران کانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے کل ۴,۲۳۶ سرپنچ عہدوں میں سے ۲,۳۱۹ نشستیں اپنے نام کرلیں۔ ان میں کئی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

اگرچہ یہ انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرائے گئے تھے، لیکن نتائج نے واضح کیا کہ کانگریس حمایت یافتہ امیدواروں نے بیشتر دیہات میں فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ بی آر ایس نے ۱,۱۵۹ نشستیں جیت کر دوسرا مقام حاصل کیا، جبکہ بی جے پی صرف ۱۸۸ نشستوں تک محدود رہی۔ آزاد امیدواروں نے ۵۳۴ عہدے حاصل کیے۔

ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق ریکارڈ ۸۴.۲۸ فی صد پولنگ ہوئی۔ ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوکر دوپہر ایک بجے ختم ہوئی۔ پہلے مرحلے میں ۳۱ اضلاع کے ۳,۸۳۴ سرپنچ اور ۲۷,۶۲۸ وارڈ ممبر عہدوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے۔

کانگریس کو نالگنڈہ، کھمم، میدک، یادادری بھونگیر، ورنگل، عادل آباد، کریم نگر، کاماریڈی، جگتیال، ویکار آباد، منچریال سمیت زیادہ تر اضلاع میں واضح اکثریت ملی۔ سدی پیٹ اور کومرم بھییم میں بی آر ایس نے برتری حاصل کی۔

انتخابات کے دوران جن دیہات میں جیت کا فرق ایک یا دو ووٹ تھا وہاں دوبارہ گنتی کرائی گئی۔ کچھ جگہوں پر ٹائی کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے نتیجہ طے کیا گیا۔

کل ۵۶ لاکھ سے زائد ووٹرز نے ووٹ ڈالنے کیلئے نام درج کرایا تھا، جبکہ ایک لاکھ سے زائد ملازمین نے پولنگ ڈیوٹی انجام دی۔ ریئل ٹائم نگرانی کیلئے کئی گرام پنچایتوں میں ویب کاسٹنگ کا انتظام بھی کیا گیا۔

کانگریس کی ریاستی قیادت نے کہا کہ نتائج عوام کے اعتماد کا ثبوت ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button