تلنگانہ نے حج 2026 کے لیے اضافی کوٹے کا مطالبہ کیا
تلنگانہ میں حج 2026 کے لیے ریکارڈ درخواستوں کے بعد ریاستی حج کمیٹی نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مرکزی وزارتِ اقلیتی امور سے اضافی کوٹے کی درخواست کریں۔
رواں سال 11,757 آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 4,292 افراد کا انتخاب ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جبکہ 7,465 امیدواروں کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا۔ بعد میں 2,848 درخواست گزاروں کو منظوری ملی، مگر اب بھی 4,617 عازمین انتظار میں ہیں۔
حج کمیٹی کے چیئرمین سید غلام افضل بیابانی نے بتایا کہ کئی افراد زندگی کا خواب — حج کی سعادت حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔ اگر کوٹے میں اضافہ کیا گیا تو باقی امیدوار بھی حج 2026 میں شامل ہو سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوقاف اداروں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 6 دسمبر 2025 سے چھ ماہ بڑھانے کی بھی اپیل کی گئی ہے، جس پر وزیر اعلیٰ نے مثبت ردعمل ظاہر کیا اور مرکز سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔



