جنگاؤں میں افسوسناک حادثہ: راجدھانی بس ریت سے بھری لاری سے ٹکرا گئی
تلنگانہ کے جنگاؤں ضلع میں نڈگوڑہ کے قریب اتوار کی علی الصبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ آر ٹی سی کی راجدھانی بس ایک ریت سے بھری کھڑی لاری سے زور دار ٹکر کا شکار ہوئی۔ ٹکر اتنی بھاری تھی کہ بس کا سامنے والا حصہ چکناچور ہوگیا اور کئی مسافر اندر ہی پھنس گئے۔
اس دلخراش حادثے میں دو مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ان کی شناخت اوم پرکاش (75) ساکن ڈنڈگل حیدرآباد اور نو دیپ سنگھ ساکن بالاسمدرم ہنمکنڈہ کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں چھ مسافر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر جنگاؤں سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثہ ہوتے ہی پولیس اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔ کرین اور ایمبولینس کی مدد سے ریسکیو آپریشن چلایا گیا اور بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں اکثر بھاری گاڑیاں بغیر اشارے کے کھڑی رہتی ہیں، جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ہائی وے پر سخت نگرانی کی جائے۔



