الیکٹرک گاڑی گڑگاؤں میں ٹیسلا کا پہلا آل اِن وَن سینٹر شروع
ٹیسلا کا پہلا آل اِن ون سینٹر گڑگاؤں میں افتتاح – ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے دور کی نئی شروعات
ٹیسلا کی جانب سے گڑگاؤں میں پہلا آل اِن ون سینٹر قائم کیے جانے کے بعد ہندوستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ جدید سہولت اورچڈ بزنس پارک، سیکٹر 48 میں قائم کی گئی ہے، جہاں فروخت، سروس، گاڑیوں کی ڈیلیوری اور چارجنگ – سب سہولتیں ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں گی۔
ٹیسلا انڈیا کے جنرل مینیجر شرد اگروال نے بتایا کہ یہ نیا سینٹر شمالی بھارت میں بڑھتی ہوئی ٹیسلا کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد یہ ہے کہ الیکٹرک ڈرائیونگ کو آسان، قابل رسائی اور روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
ٹیسلا کا مشن دنیا کو پائیدار توانائی کی طرف تیزی سے منتقل کرنا ہے، اور اس سینٹر کی بدولت صارفین کو بہتر انفراسٹرکچر اور تیز سہولتیں فراہم ہوں گی۔
سینٹر میں آنے والے افراد ٹیسلا کی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں جانکاری لے سکیں گے، موڈل وائی کی ٹیسٹ ڈرائیو بھی کرسکیں گے، جبکہ جدید وی-فور سپر چارجرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ ٹیسلا کا معروف ہومینوئڈ روبوٹ ’آپٹیمس جن – ٹو‘ بھی یہاں نمائش کے لیے موجود ہوگا جو کمپنی کی مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس میں ترقی کو ظاہر کرتا ہے۔
ہندوستان میں اپنی توسیع کے تحت ٹیسلا اب تک ممبئی اور دہلی میں تجرباتی مراکز اور تین چارجر اسٹیشن قائم کرچکی ہے۔ جلد ہی گڑگاؤں کے ون ہورائزن چارجر اسٹیشن کے آغاز کے بعد ملک میں کل چار اسٹیشن فعال ہوجائیں گے۔
ٹیسلا کا سپر چارجر نیٹ ورک انتہائی قابلِ اعتماد ہے اور گاڑی کو صرف پندرہ منٹ میں دو سو پچھتر کلومیٹر رینج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



