حیدرآباد کا نوجوان انجینئر ہفتے کے آخر میں سڑکوں پر عوام کی خدمت کرتا ہے
حیدرآباد کے ایک سافٹ ویئر انجینئر لوکینڈر سنگھ نے اپنی زندگی کے اختتامِ ہفتہ (ویک اینڈ) کو سڑکوں کی خدمت کے نام کر دیا ہے۔ جہاں لوگ ہفتہ اور اتوار کو آرام یا تفریح میں گزارتے ہیں، وہیں لوکینڈر ٹریفک پولیس کی جیکٹ پہن کر شہریوں کو قوانین سمجھاتے اور سڑکوں پر نظم برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔
لوکینڈر کا کہنا ہے، میں نے گاڑی چلانا تو سیکھا، مگر سڑک کے اصول کسی نے نہیں سکھائے۔ تب میں نے خود سب کچھ سیکھنے اور دوسروں کو سکھانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے 2021 میں حیدرآباد سٹی سیکیورٹی کونسل میں رضاکار کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔ اب وہ اور ان کی ٹیم شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر عوام کو اسٹاپ لائن، سیٹ بیلٹ، اور لین ڈسپلن کی اہمیت بتاتے ہیں۔
لوکینڈر کے مطابق، “ہم لوگوں کو ہیلمٹ پہننے، ہارن کم بجانے اور ایمبولینس کو راستہ دینے کی تربیت دیتے ہیں۔ کچھ لوگ بات سنتے ہیں، کچھ مسکرا کر گزر جاتے ہیں، مگر ہم ہمت نہیں ہارتے۔
ان کی محنت اور جذبے کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ پولیس نے انہیں تعریفی اسناد اور ایوارڈز بھی دیے۔



